مصر میں پاکستان کے سفارت خانے نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے قاہرہ میں’’ پاکستان،مصر کاروباری مواقع کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا پاکستان اور مصر کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی جاری تقریبات کے موقع پر منعقد ہوئی۔
پاکستانی سفارتخانہ کے مطابق کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانا ہے۔کانفرنس میں مصر کے پبلک بزنس سیکٹر کے وزیر انجینئر محمود عصمت نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی تقریب میں مصری کمرشل سروسز کے سربراہ یحییٰ الوثیق بیلا احمد، اعلیٰ سرکاری حکام، سفارتی برادری کے ارکان، چیمبرز آف کامرس آف مصر کے نمائندوں اور مصری تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مہمان خصوصی نے اس موقع پر خطاب میں اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کی کوششوں کو سراہا۔ یحییٰ الوثیق بیلا نے اس موقع پر فریقین کی زراعت، توانائی، ہائوسنگ، سیاحت، ٹیکسٹائل اور خوراک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی باہمی خواہش کا ذکر کیا۔
مصر میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال، نے تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے پر مصری حکومت اور چیمبرز آف کامرس کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کے ذریعے برادر ممالک سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
پاکستان کے سفیر نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ میں پاکستانی اور مصری کمپنیوں کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان اور مصر کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مکمل امکانات کو بروئے کار لانے کے لیے دونوں حکومتوں کے جاری میکانزم اور باہمی کوششوں کو بھی اجاگر کیا