وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر مصر روانہ ہوگئے۔ قاہرہ میں ڈی ایٹ سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
قاہرہ میں ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی ایٹ کا گیارہواں سربراہی اجلاس منعقد ہو رہا ہے ۔ جس کا موضوع مستقبل کی معیشت کے لیے نوجوانوں کے کاروبار میں سرمایہ کاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اجلاس میں ڈی ایٹ ممالک کے ساتھ تعاون کے پاکستانی عزم کا اعادہ کریں گے اور زراعت، غذائی تحفظ، سیاحت جیسے شعبوں میں باہمی تعاون پر بات کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
اجلاس کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال، انسانی بحران اور غزہ و لبنان کے مسائل پر خصوصی اجلاس ہوگا۔ وزیراعظم فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف اور مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کی اہمیت پر زور دیں گے۔
وزیراعظم اجلاس کے موقع پر دیگر رکن ممالک کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلے ہی قاہرہ میں موجود ہیں۔