پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو شادی کی اگلی ہی رات حوالات میں گزارنی پڑی تاہم شخصی ضمانت پر انہیں رہا کیا گیا بعدازاں عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ۔
تحویل میں لیا گیا شیر کا بچہ سفاری پارک منتقل کر دیا گیا فیصلہ آنے تک محکمہ وائلڈ لائف کی تحویل میں رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق رجب بٹ کے وکیل کی جانب سے عدالت میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ رجب بٹ ایک باعزت اور قانون کی پاسداری کرنے والے شہری ہیں ، ان پر پہلے بھی کوئی مقدمہ نہیں ہے جبکہ وہ پولیس کو تحقیقات کیلئے بھی درکار نہیں ہیں اس لیئے ان کی ضمانت منظور کی جائے ۔
عدالت نے رجب بٹ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ۔
یاد رہے کہ رجب بٹ کو شادی کی تقریب میں ایک شیر کا بچہ اور اسلحہ تحفہ میں دیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو ئی اور قانون حرکت میں آیا ، پولیس نے کارروائی کی اور ان کے گھر سے شیر کا بچہ اور اسلحہ برآمد کرتے ہوئے انہیں تھانے منتقل کیا ۔
پولیس نے ٹک ٹاکر کے خلاف بغیر لائسنس شیر کا بچہ گھر میں رکھنے اور آٹومیٹک اسلحہ رکھنے پر مقدمہ درج کیا تھا۔
دوسری جانب رجب بٹ سے تحویل میں لیا گیا، شیر کا بچہ سفاری زو میں منتقل کر دیا گیا ، تاہم مزید فیصلہ کورٹ کی جانب سے کیا جائے گا، فیصلہ آنے تک شیر کا بچہ محکمہ وائلڈ لائف کی تحویل میں رہے گا۔