وزیراعظم کے مشیر راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں بات چیت کےبغیرجمہوری نظام نہیں چل سکتا۔ اگرپی ٹی آئی رابطہ کرے گی تو حکومت سیاسی ڈائیلاگ کیلئے تیار ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی حکومت کومذاکرات کا پیغام بھیجے، پی ٹی آئی نے مذاکراتی کمیٹی کے حوالے سے کبھی کوئی بات نہیں کی، وزیراعظم نے کہا ہم ہر ایشو پربات کرنے کو تیارہیں۔
راناثنااللہ نے کہا کہ وزیراعظم ایوان میں آئے تو اپوزیشن سے ہاتھ ملایا، وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اس وقت بھی تسلیم نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں طرف سے جن کی بھی جان گئی افسوس ہونا چاہیے تھا، جب تک حکومت اپوزیشن ڈائیلاگ نہ ہو سسٹم نہیں چل سکتا، ہم یہ بات اس وقت بھی کہتے تھے جب کہا گیا چھوڑیں گے نہیں۔
راناثنااللہ نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ہمیشہ اپنی غیر جانبداری کو برقرار رکھا، پی ٹی آئی حکومت کو پیغام دے کہ یہ کمیٹی ہے اور ہم سیاسی مذاکرات چاہتے ہیں، ہم بھی کوشش کریں گے،امید ہے کوئی نہ کوئی نتیجہ ضرور نکلے گا۔





















