قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہاہے کہ جو چیز گزر جاتی ہے وہ ماضی کا حصہ بن جاتی ہے ، ٹی 20 سیریز ختم ہوگئی ، نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے، ٹی 20 میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے ، نوجوان اور سینیئر کھلاڑیوں کا کمبی نیشن بنا ہے ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہناتھا کہ ہمارا زیادہ فوکس ون ڈے کرکٹ پر ہے، چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے ون ڈے سیریز اہم ہے ، اس ٹیم میں سب کھلاڑی کپتان ہیں ، ٹیم میں ’میں‘ کا لفظ نہیں استعمال ہوتا ، نوجوان ہو یا سینیئر سب کی اندر برابر ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنڈیشن کے مطابق ٹیم بنانے کا چیلنج ہے ، ٹیم بنانے کے حوالے کافی سیکھنے کو مل رہا ہے ، آسٹریلیا میں کنڈیشن الگ تھی زمبابوے میں الگ اور یہاں الگ ہیں ۔ٹی 20سیریز جیتنے کے بعد جنوبی افریقہ کا مومینٹم بنا ہوا ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ ہماری بھی ٹیم تیار ہے آسٹریلیا اور زمبابوے جیت سے حوصلہ ملا ہے ۔امید ہے سخت مقابلہ ہوگا لیکن نتائج مختلف آئیں گے۔