سینیٹ اور قومی اسمبلی کے الگ الگ اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد آج دوبارہ ہوں گے۔ دونوں ایوانوں کے اجلاسوں کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔
ایوان بالا کا اجلاس سہہ پہر چار بجے ہوگا جس کے 32 نکاتی ایجنڈے کے مطابق سینیٹرز کی جانب سے مختلف بلز متعارف کرائے جائیں گے۔
قومی اسمبلی سے منظورشدہ پاکستان سائیکالوجیکل کونسل بل اور مختلف بلوں پر قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس ایوان میں پیش کی جائیں گی ۔ زرعی ٹیکس کے نفاذ اور ہیروئن کے عادی افراد میں اضافے پر بحث کی تحاریک بھی پیش کی جائیں گی ۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دس نکاتی ایجنڈے میں وقفہ سوالات کےعلاوہ ملک میں لازمی اور ثانوی روٹس پر نجی ایئرلائنز کی پروازیں شروع نہ کرنے پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہے ۔
وزیر داخلہ سینیٹ سے منظور شدہ نیشنل فارنزک ایجنسی بل اور پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے قواعد وضع کرنے کا بل پیش کریں گے ۔ جبکہ وزیرمملکت آئی ٹی ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل پیش کریں گی ۔