پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین کو اڈیالہ جیل میں ورزشی سائیکل مہیا کرنے کی درخواست عدالت میں دائر کر دی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیراز احمد رانجھا نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی جیل ایس او پیز کے تحت ورزشی سائیکل کے حقدار ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں سائیکل مہیا کی جائے۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کی جانب سے 23 اکتوبر کو درخواست پر سماعت کیلئے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جبکہ جج ابوالحسنات ذوالقرنین درخواست پر سماعت کریں گے ۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے وکلاء کی جانب سے عدالتی حکم کے بغیر ہی ورزشی سائیکل کو اڈیالہ جیل کے باہر پہنچا دیا گیا تھا تاہم سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کے تحریری فیصلے تک سائیکل اندر لے جانے سے روک دیا تھا۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور کیس کی ایک سماعت کے دوران انہوں نے خصوصی عدالت کے جج سے استدعا کی تھی کہ انہیں ورزشی جیل مہیا کی جائے۔