مصر کے معروف فٹبالر محمد صلاح اسرائیلی ظلم کے شکار غزہ کے لوگوں کی حمایت میں سامنے آگئے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں معروف فٹبالر محمد صلاح کا کہنا تھا کہ ’’ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری تنازع کے دوران انسانیت کا خیال رکھنا چاہیے ‘‘۔
معروف فٹبالر نے پیغام میں معصوم جانوں کے مزید قتل عام کو روکنے کے لیے عالمی رہنماؤں سے اکٹھے ہونے کا مطالبہ کیا۔
محمد صلاح نے غزہ کے ہسپتال پر ہونے والے حملے کے بعد وہاں کے مناظر کو ’ خوفناک ‘ قرار دیا اور کہا کہ غزہ کو انسانی امداد کی فوری طور پر اجازت دی جانی چاہیے۔
— Mohamed Salah (@MoSalah) October 18, 2023
یاد رہے کہ منگل کی رات صہیونی فضائیہ کی جانب سے غزہ کے ایک ہسپتال کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت جبکہ سینکڑوں کے زخمی ہونے کے اطلاعات سامنے آئیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ غزہ ہسپتال پر حملہ ’ ممکنہ طور پر دوسری ٹیم ‘ نے کیا، بائیڈن کا دعویٰ
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگوں کو خوراک، پانی اور طبی سامان کی فوری ضرورت ہے، تمام افراد کی جانیں قیمتی ہیں اور ان کی حفاظت ہونی چاہیے، قتل عام کو روکنے کی ضرورت ہے، جنگ کے دوران خاندانوں کو الگ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کر رہا ہوں کہ وہ معصوم جانوں کے مزید قتل کو روکنے کے لیے اکٹھے ہوں۔
یہ بھی پڑھیں۔ غزہ جنگ کے دوران 16 صحافی بھی جان کی بازی ہار چکے
دوسری جانب الجزائر کی فٹ بال فیڈریشن نے بدھ کے روز کہا کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تمام میچز کو معطل کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ امریکا نے غزہ پر قرارداد ویٹو کردی ، اوآئی سی کا امداد بھیجنے کا مطالبہ
خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کے حملوں کے نتیجے میں اب تک 3 ہزار 478 فلسطینی شہید جبکہ 12 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔