چیف جسٹس سپریم کورٹ نے عام انتخابات اور فوجی عدالتوں کیخلاف کیس مقرر کرنے کا عندیہ دے دیا۔
سپریم کورٹ میں پاک عرب ریفائنری ملازمین کیس میں التوا دینے پر جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ انتخابات اور سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے کیس مقرر ہونے والے ہیں۔
دوران سماعت جب سپریم کورٹ میں پاک عرب ریفائنری ملازمین کیس میں وکیل نے استدعا کی کہ کیس 15 دن کے بعد مقرر کر دیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ انتخابات اور سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے کیس مقرر ہونے والے ہیں۔ اس کیس کو 2 ماہ بعد مقرر کریں گے۔
خیال رہے کہ شہریوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلانے کے خلاف کیس میں 21 جولائی کو سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے ہیں کہ سپریم کورٹ کو آگاہ کیے بغیر فوجی عدالتوں میں ملزمان کا ٹرائل شروع نہیں کیا جائے، حکم کی خلاف ورزی پر ذمہ داروں کو طلب کریں گے۔
دوسری جانب 31 اگست کو سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی 14 مئی کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات کرانے کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل مسترد کردی تھی جب کہ 4 اپریل کو اپنے متفقہ فیصلے میں عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ 10 اپریل سے 8 اکتوبر کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے 14 مئی کو صوبے میں الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔