وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ 2013 میں بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کو کہا تھا کہ ہمارے لوگ تبدیلی نہیں چاہتے بلکہ تبادلے چاہتے ہیں۔
پیر کے روز پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنا احتساب خود کرنا ہوگا، کیا وجہ ہے آج تک کرپشن ختم نہیں ہوسکی؟، پیسوں کے عوض نوکریاں بیچی جارہی ہیں، لوگ بچوں کو امتحان میں نمبرز دلانے کیلئے پیسے دیتے ہیں، تھانوں میں رشوت چلتی ہے اور پٹواری بھی پیسے لیتا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ اسلام میں ہے کسی کے بارے میں رائے قائم کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے، ہمارا المیہ ہے ہم بغیر سوچے سمجھے کسی کے بارے میں رائے قائم کر لیتے ہیں، اتنے سال گزرنے کے باوجود معاشرے سے کرپشن ختم کیوں نہیں ہو رہی؟، ہم نے خود کو ٹھیک نہیں کیا ، ہم نے اپنا احتساب خود نہیں کیا۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ جس ماحول میں کرپشن کی حوصلہ افزائی کریں گے تو ایسا ہی معاشرہ ہوگا، جس دن ہم کرپشن کو بُرا مانیں گے تو ہر شخص کرپشن سے نفرت کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے 2013 میں بنی گالہ میں ملاقات کی تھی اور انہیں بتایا تھا کہ لوگوں کو تبدیلی نہیں چاہیے، ہر روز لوگ رشتہ داروں کے کاموں کی باتیں کرتے ہیں، ہمارے لوگ صرف تبادلے چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آخرت کو بہتر کرنا ہے تو ایمان مضبوط کرنا ہوگا، کوئی باہر سے نہیں آیا یہ سب ہم خود کر رہے ہیں، رشوت لینے والا اور دینے والا دونوں جہنمی ہے۔