شامی اپوزیشن لیڈر محمد الجولانی کا کہنا ہے کہ جنگجو جہاں پرقبضہ کریں لوگوں کے ساتھ رحم دل اور نرمی سے پیش آئیں، ہتھیار پھینکنے والے سرکاری فوجیوں کیلئے عام معافی ہوں گی۔
محمد الجولانی نے کہا کہ شامی دارالحکومت دمشق کا گھیراؤ شروع کر دیا ہے باغی دمشق کے کنارے پر ہیں اور حکومت کا خاتمہ قریب ہے۔
دوسری جانب شامی انقلاب اور اپوزیشن فورسز کے قومی اتحاد کے سربراہ ہادی البحرا نے خبر رساں ادارے العربیہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہی ’شام کے تاریک دور‘ کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
انھوں نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ دمشق میں صورتحال محفوظ ہے اور کہا کہ کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں ہادی البحرا نے کا کہنا تھا کہ وہ تمام افراد جو کسی دوسرے شہری کے خلاف ہتھیار نہیں اٹھائیں گے اور اپنے گھروں میں رہیں گے، بنا کسی فرقہ وارانہ یا مذہبی تفریق کے وہ محفوظ ہیں۔