وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا مؤقف ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ملاقات کی ہے، چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے چیمپئنز ٹرافی سے متعلق چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی مؤقف کو سراہا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے حوالے سے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے متعلق آپ کا مؤقف ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔
وزیر اعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آئی سی سی میں آپ نے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی ترجمانی کی۔ پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے اور اس کے بعد کچھ اور ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہم پاکستان اور کرکٹ کی جیت چاہتے ہیں۔ان شاءاللہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آئے گی۔