شیخوپورہ میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 139 میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔
پولنگ کا عمل 8بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔
اس نشست پر مسلم لیگ ن کے رانا طاہر اقبال اور پی ٹی آئی کے اعجاز حسین بھٹی سمیت 8 امیدواروں میں مقابلہ ہے جبکہ سابق لیگی ایم این اے میاں رؤف احمد آزاد حیثیت سے میدان میں ہیں۔
پی پی 139 میں ووٹنگ کے لیے 124 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ اس حلقے میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 93 ہزار 285 ہے۔ یہاں مرد ووٹرز 1 لاکھ 5 ہزار 421 جبکہ خواتین ووٹرز 87 ہزار 864 ہیں۔ یہ سیٹ مسلم لیگ ن کے رکن رانا افضال حسین کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔