انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے جنرل ہیڈ کوارٹر ( جی ایچ کیو ) حملہ کیس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی بریت کی درخواست خارج کردی۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں بریت کی درخواست پر سماعت کی تھی اور بعدازاں، فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
دوران سماعت سپیشل پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا تھا کہ شیخ رشید، شیریں مزاری و دیگر کی درخواست بریت خارج ہو چکی ہے ، عمرایوب کو واثق قیوم اور عمر تنویر کے اقبالی بیان پر نامزد کیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا تھا کہ اقبالی بیان ریکارڈ کرنے والے مجسٹریٹ جب تک عدالت پیش ہو کر بیان ریکارڈ نہیں کرواتے درخواست بریت منظور نہیں کی جا سکتی ، ملزم انسداد دہشت گردی عدالت سرگودہا کے جس فیصلہ کا حوالہ دے رہا ہے ملزمان کی بریت کے اس فیصلے کو پہلے ہی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جا چکا ہے جسکی مصدقہ نقول عدالت میں داخل کروائی جا چکی ہیں۔
جمعرات کو عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بریت کی درخواست کو خارج کردیا۔