قائد ن لیگ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا لاہور کے بجائے اسلام آباد لینڈ کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف کی قانونی ٹیم کا کہنا ہے کہ ابھی تک کی مشاورت میں نواز شریف کی لینڈنگ اسلام آباد حتمی قرار پائی ہے، نوازشریف سب سے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ جائیں گے۔
دوسری جانب قائد ن لیگ نوازشریف نے وطن واپسی پر گرفتاری سے بچنے کےلیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سرنڈر کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں،عدالت تک پہنچنے کے لیے گرفتاری سے روکا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو اسلام آباد لینڈ کریں گے، نواز شریف خصوصی فلائٹ سے اسلام آباد آرہے ہیں، عدالت تک پہنچنے کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔
درخواست میں نواز شریف نے مؤقف اختیار کیا کہ غیرجمہوری قوتوں نے ماضی میں مجھے اور میرے خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔ مجھے سیاسی منظرنامے سے ہٹانے کے لیے سازش تیار کی گئی۔ کرپش کا کوئی ثبوت نہ ملا تو تنخواہ نہ لینے کے الزام میں مجھے نکال دیا گیا۔
درخواست کے متن کے مطابق بطور وزیراعظم میرے دور میں اربوں ڈالرز کے منصوبے مکمل ہوئے، میرے خلاف جو کیس بنانے گئے وہ برقرار نہیں رہے۔ کرپشن پر کوئی ثبوت نہ ملا تو تنخواہ نہ لینے کے الزام میں نکالا گیا، ضمانت کا کبھی غلط استعمال نہیں کیا،طبی بنیاد پر عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوسکا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں حفاظتی ضمانت کیلئے دائر درخواست کو نمبر الاٹ کردیا۔ وکلاء نے درخواست پر سماعت آج ہی کرنے کی استدعا کررکھی ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ ہیں، احتساب عدالت نے نواز شریف کو 10 سال قید اور 80 لاکھ پاؤنڈ کی سزا سنائی تھی، العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال کیلئے عوامی عہدے کیلئے بھی نااہل قرار دیا گیا تھا۔
Nawaz Sharif to land at #Islamabad Airport instead of #Lahore: Sources #IHC #SamaaTV @SohailRashid8 pic.twitter.com/L5LLH9yv0H
— SAMAA TV (@SAMAATV) October 18, 2023