ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کی رجسٹریشن کیلئے دی گئی مہلت کا آج آخری روز ہے۔ اب تک 26 ہزار وی پی این رجسٹر ہوچکے ۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ڈیڈ لائن میں توسیع کرے گی یا نہیں؟ تاحال فیصلہ نہ ہوسکا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے پی ٹی اے کووی پی این کی رجسٹریشن کیلئے تیس نومبر کی تاریخ دی گئی تھی۔ اس کے بعد غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بلاک کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی اے کی وی پی اینز کی رجسٹریشن کیلئے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ اسٹیک ہولڈرز نے رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع اور طریقہ کار آسان بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وی پی اینز کی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس تاریخ میں توسیع کی جا سکتی ہے، کیونکہ آئی ٹی انڈسٹری، فری لانسرز، اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رجسٹرڈ وی پی اینز کے ذریعے ملک میں سائبر سیکیورٹی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور قومی سلامتی کے ساتھ ڈیٹا
پروٹیکشن کے لیے وی پی این رجسٹریشن انتہائی ضروری ہے۔
پی ٹی اے نے وی پی این رجسٹریشن کی آخری تاریخ تیس نومبر مقرر کر رکھی ہے اور اگر تاریخ میں توسیع نہ ہوئی تو غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔