قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے زمبابوے کیخلاف سیریز میں کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل ہم نے موسم کی وجہ سے فیصلہ کیا کہ ہم پہلے بیٹنگ کریں گے۔ کیونکہ ہم پہلے بیٹنگ کر رہے تھے اور ہم نے اچھا مجموعہ بنایا، ہم ڈسکشن کر رہے تھے کہ اگر بارش ہوئی تو ڈی ایل ایس کے لیے 20 اوور مکمل ہونے چاہئیں۔ یہ پہلی بار ہے کہ پاکستان نے ایک گھنٹے میں 20 اوورز کرائے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محمد رضوان کا کہناتھا کہ پہلا میچ ہارنے کے بعد ردعمل پر ظاہر ہے کہ فخر کا احساس ہوتا ہے کیونکہ ہم پہلا میچ ہار گئے تھے اور قوم کی توقعات بہت زیادہ ہیں، لیکن ہم نے واپسی کی اور جیت حاصل کی، اور اس سے ہمیں مزید اعتماد ملا۔ باہر کے میچ ہمیشہ مشکل ہوتے ہیں۔ ایک پیشہ ور کھلاڑی کے طور پر ہمیں حالات سے قطع نظر اپنی کارکردگی دکھانی ہوتی ہے۔
محمد رضوان کا کہناتھا کہ آسٹریلیا کے حالات ہم سے مختلف تھے، یہاں بھی یہی معاملہ ہے۔ لیکن ہم نے بہت پیشہ ورانہ رویہ اپنایا اور مشکل حالات سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ بحیثیت ٹیم ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم کبھی بھی حالات کو اپنی توجہ کا مرکز نہیں بنائیں گے کیونکہ پچ ہمارے اور مخالف ٹیم کے لیے یکساں ہوتی ہے۔