پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے عہدے سے استعفی دے دیا جبکہ صاحبزداہ حامد رضا بھی پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں اور انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھیج دیا ہے جس کی تصدیق چیئرمین پارٹی بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے کر دی گئی ہے۔
سلمان اکرم راجہ کی جانب سے کہا گیا کہ بطور سیکرٹری جنرل میرا استعفیٰ قبول کیا جائے جبکہ پارٹی کیلئے بطور وکیل خدمات سرانجام دیتا رہوں گا۔
یاد رہے کہ رواں برس ستمبر میں پی ٹی آئی کے رہنما اور سینئر وکیل سلمان اکرم راجہ کو عمران خان کی ہدایت پر پارٹی کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کے استعفے کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ مستعفی ہوگئے ہیں تاہم، ان کا اسعتفیٰ منظور نہیں کیا گیا ہے اور انہیں فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا کہا گیا ہے۔
دوسری جانب رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا نے بھی پی ٹی آئی کی کور کیمٹی اور سیاسی کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صاحبزادہ حامد رضا نے استعفیٰ پارٹی معاملات پر اعتماد میں نہ لیے جانے پر دیا اور اسلام آباد احتجاج پر ناقص حکمت عملی بھی استعفی کی وجہ بنی ۔
صاحبزادہ حامد رضا نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کی مشروط پیشکش کی ہےاور کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کے دوران بات کرونگا اگر انہوں نے اجازت دی تو استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دوں گا ۔
یاد رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 104 سے پی ٹی آئی کی حمایت سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔