مغربی ہوائیں آج رات سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوجائیں گی ، 2 دسمبر کو بلوچستان اور بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی نے اسلام آباد کا ائیرکوالٹی انڈیکس مضرصحت قرار دے دیا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دو دسمبر تک کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوگی۔ بارکھان، لورا لائی، ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش ہوگی جبکہ گوادر، کیچ اور پنجگور میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ کرم،مہمند،دیر،سوات، کوہستان، مالاکنڈ اور بونیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ گلگت، ہنزہ، سکردو میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے۔
انتیس نومبر اور دو دسمبر کو مری،اسلام آباد، میانوالی اور بھکر میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ پنجاب کے علاقوں میں جاری فضائی آلودگی میں مزید کمی اور ہوا کا معیار بہترہونے کی توقع ہے البتہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں آنے والے دنوں میں دھند کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ دوسری جانب ماحولیاتی تحفظ ایجنسی نے اسلام آباد کا ائیرکوالٹی انڈیکس مضرصحت قرار دیا ہے۔ ای پی اے کے مطابق اسلام آباد کا ائیرکوالٹی انڈیکس ایک سو ستر ریکارڈ کیا گیا۔