اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی مقدمات تفصیلات فراہمی کیس میں توہین عدالت کی درخواست پر انکوائری رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کرادی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کےجسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی جبکہ عدالتی حکم پر جمع کرائی گئی رپورٹ میں اے ایس آئی ظفر اقبال کیخلاف شوکاز نوٹس بھی شامل کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ظفر اقبال کے خلاف غلط رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کے معاملے کی خصوصی انکوائری کی گئی، اس دوران مختلف تھانوں کے محررز کے بیان بھی ریکارڈ کئے گئے۔
انکوائری میں اے ایس آئی ظفر اقبال کی غیر ذمہ داری ثابت ہوئی جس پر اس کیخلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے دو سال کی نوکری ضبط کرلی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اصل رپورٹس عمران نامی پولیس اہلکار کے پاس تھیں جو ڈینگی میں مبتلا ہوکر فوت ہوچکا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت جنوری تک ملتوی کردی۔