پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے اعلان کے باعث سیکیورٹی کے پیش نظر بند کیے جانے والے اسکولز 4 روز بعد کھول دئے گئے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام نجی اور سرکاری اسکول احتجاج کے باعث 4 دن کی بندش کے بعد آج جمعرات سے کھل گئے، حالات بہتر ہونے پر جڑواں شہروں کے اسکول 28 نومبر سے دوبارہ کھولے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکول اور کالج دوبارہ کھل جائیں گے، تینوں پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشنز نے بھی آج اسکول کھولنے کی تصدیق کی ہے، والدین کو واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔
سرکاری اسکولوں کے دفاتر بھی کھل گئے ہیں اور اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی حاضری دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ تعلیمی اداروں میں بچوں کی حاضری بھی معمول کے مطابق ہے۔