پی ٹی آئی احتجاج کے باعث جڑواں شہروں میں آج بھی تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
مری میں بھی اسکول کالجز اور یونیورسٹیز بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ میں تین روز کیلئے توسیع کردی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں اوردھرنوں پر پابندی رہے گی ۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا بھی سامنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسلام آباد اور راولپنڈی میں پی ٹی آئی احتجاج کے باعث تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
ادھر تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے کنٹرولر امتحانات نے آج ہونے والا فزکس کا پریکٹیکل ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں میں تعطیل کے جاری نوٹیفکیشن کے بعد پریکٹیکل ملتوی کیا گیا ہے ، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
کنٹرولر امتحانات نے کہا کہ امیدواران کو بورڈ کی طرف سے باقاعدہ طور پر مطلع کیا جائے گا، ضلع راولپنڈی کے علاوہ تمام اضلاع میں پریکٹیکل ڈیٹ شیٹ کے مطابق ہونگے، اس میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا۔