گزشتہ تین روز سے جاری پی ٹی آئی احتجاج کے دوران پنجاب پولیس اور ریجنرز کے 5 اہلکار شہید جبکہ 130 سے زائد زخمی ہوگئے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پنجاب پولیس کے دو اہلکار شہید اور 119 اہلکار زخمی ہوئے، مظاہرین کے حملوں سے پنجاب پولیس کی 22 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
پرتشدد کاروائیوں میں رینجرز کے تین اہلکار شہید اور پانچ شدید زخمی ہیں جبکہ اسلام آباد پولیس کے 11 اہلکار شدید زخمی ہیں۔ پولیس کی جانب سے متعدد پرتشدد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
شہید ہونے والے رینجرز کے اہلکاروں میں نائیک محمد رمضان شہید(عمر 47 سال، ساکن ضلع کرک)، سپاہی گلفام خان شہید (عمر 29سال، ساکن ضلع راولپنڈی ) اور سپاہی شاہنواز شہید (عمر 33سال، ساکن ضلع سبی) شامل ہیں۔
رینجرز کے شدید زخمی اہلکاروں میں نائیک عارف ، لانس نائیک آصف اور سپاہی اشرف علی شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے پرتشدد مظاہرین نے سرکاری املاک پہ حملے کیے، پی ٹی آئی کارکنان نے مختلف مقامات میں آگ لگائی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔