وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک کا فضائی دورہ کیا ہے اور سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے تینوں شہروں کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی انتظامات کا فضائی جائزہ لیا ، صوابی ، پتھر گڑھ، موٹر وے پر بھی مجموعی صورتحال کا فضائی مشاہدہ کیا اور سکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق امن عامہ یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے ہیں، حکومت نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں ، شر پسندوں سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کو دارالحکومت میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔