خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں خوارج کے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں 12 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق خوارج نے بنوں کے علاقے ملی خیل میں پاک فوج کی چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے جوانوں نے ناکام بنادیا جس پر دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش دھماکے کے نتیجے میں حفاظتی دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور افسوسناک واقعہ میں 12 جوان شہید ہوگئے۔
شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار اور دو فرنٹیئر کانسٹیبلری ( ایف سی ) کے اہلکار شامل ہیں۔
حملے کے جواب میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 6 خوارج بھی ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سنگین جرم کے مرتکب عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
شہدا
صوبیدار عمران احمد فاروقی شہید کا تعلق ضلع گوجرانوالہ سے ہے جبکہ ان کی عمر 44 برس تھی۔
29 سال کے حوالدار محمد جاوید اقبال شہید کا تعلق ضلع سرگودھا سے ہے جبکہ انکے سوگواران میں اہلیہ ، چار بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
34 سالہ نائیک طہماس احمد شہید کا تعلق ضلع ایبٹ آباد سے ہے انہوں نے 15 سال پاک فوج میں گزارے۔
39 سال کے نائیک باسط فرید شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے اور انہوں نے 17 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا جبکہ انکے سوگواران میں والد، اہلیہ اور بیٹا شامل ہیں۔
33 سال کے سپاہی صفدر علی شہید کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے اور انہوں نے 13 سال پاک فوج میں گزارے جبکہ انکے سوگواران میں اہلیہ ، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔
32 سال کے سپاہی اسد بشیرشہید کا تعلق ضلع کوہلو سے ہے اور انہوں نے 13 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا۔
سپاہی اعجاز حسین شہید کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان سے ہے اور انہوں نے 13 سال پاک فوج میں گزارے۔
23 سالہ سپاہی عاطف خان شہید کا تعلق ضلع میانوالی سے ہے اور انہوں نے ایک سال پاک فوج میں گزارا جبکہ انکے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔
30 سالہ سپاہی امان اللہ شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے اور انہوں نے 8 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا جبکہ انکے سوگواران میں اہلیہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
22 سالہ سپاہی شاہ زمان شہید کا تعلق ضلع لوئر دیر سے ہے اور انہوں نے پاک فوج میں ایک سال گزارا جبکہ انکے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔
صدر مملکت کا اظہار افسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے جوانوں کی شہادت پر اِظہار افسوس کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم مادر وطن کی سلامتی کیلئے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
صدر مملکت نے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی اور انکے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیر اعظم کا اظہار افسوس
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو جہنم واصل کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے فتنہ الخوارج کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔