صوبہ بلوچستان کے شہر قلات میں جوہان میں واقع شاہ مردان چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 7 اہلکار شہید ہو گئے ہیں جبکہ 15 زخمی ہیں ۔
دہشتگردی کے واقعہ کی وزیراعظم شہبازشریف ، وزیر داخلہ محسن نقوی اور صدرآئی پی پی عبدالعلیم خان نے سخت مذمت کی ہے ۔
لیویز کے مطابق مسلح افراد نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا اور فائرنگ کے نتیجے میں 7 اہلکار شہید ہوئے ہیں جبکہ 15 سے زائد خمی ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے ، شہداء کے جسد خاکی کوئٹہ منتقل کیئے جارہے ہیں ۔
دہشتگردی کے واقعہ کی وزیراعظم شہبازشریف ، وزیر داخلہ محسن نقوی اور صدرآئی پی پی عبدالعلیم خان نے سخت مذمت کی ہے ۔
وزیراعظم کی مذمت
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ضلع قلات کے علاقے جوہان میں دہشتگردوں کے نہتے شہریوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ، انہوں نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ۔
وزیرِاعظم نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اورحملے میں ملوث دہشتگردوں کیخلاف فوری کارروائی کا حکم جاری کر دیاہے ۔
شہبازشریف کا کہناتھا کہ دہشتگردوں کا نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے، بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کے لوگوں اور اسکی ترقی کے دشمن ہیں، ایسے مذموم ہتھکنڈے حکومت کے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
وزیرِاعظم کا کہناتھا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہیں گے، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
صدر آئی پی پی ، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی مذمت
عبدالعلیم خان نے قلات میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک مرتبہ پھر مادر وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کر دیں، دہشتگردی کے ناسور پر قابو پانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، وطن عزیز کو مسلسل سیکیورٹی کے چیلنجز درپیش ہیں، مکمل کامیابی حاصل ہوگی، ملک دشمن عناصر کوپاکستان کی ترقی اور بہتری کے عمل کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے بلوچستان میں ہونے والے دہشتگرد واقعے میں شہید سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔