فیفا ورلڈ کپ 2024ء کوالیفائر کے ہوم میچ میں پاکستان اور کمبوڈیا کل اسلام آباد میں ٹکرائیں گے۔ قومی فٹبال ٹیم کے کوچ اسٹیفن کونسٹنٹاٸن کہتے ہیں پاکستان میں 8 سال بعد بڑا میچ ہونے جارہا ہے، کمبوڈیا کیخلاف بہتر کھیل کیلٸے پُرامید ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کوچ پاکستان فٹبال ٹیم اسٹیفن کونسٹنٹائن کا کہنا تھا پاکستان میں طویل عرصے سے انٹرنیشنل میچ نہیں ہوا، توجہ صرف جیت پر مرکوز ہے، کھلاڑی محنت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پروفیشنل فٹبال لیگ ناگزیر ہے ورنہ مستقبل اچھا نہیں ہوگا، پاکستان میں فیڈریشن نے دوہری شہریت کے کھلاڑیوں کو اجازت دے رکھی ہے، فیفا نے اوٹس خان کی شہریت کے بارے بھی ابھی تک فیصلہ نہیں کیا۔
پاکستانی کوچ کا کہنا ہے کہ اگر فیفا کا فیصلہ آگیا تو اوٹس خان پاکستان قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان فٹبال ٹیم کے گول کیپر یوسف بٹ نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار کھیل کر خوشی ہوگی، کمبوڈیا کیخلاف اٹیکنگ کھیل پیش کریں گے۔
کمبوڈیا کے ہیڈ کوچ فیلکس ڈیلمارکس کا کہنا تھا پاکستان میں بہت اچھے انداز میں خیرمقدم کیا گیا، فیلڈ بہت زیادہ بہتر نہیں، ریفریز سے بات کی ہے، امید ہے ہمارے تحفظات دور ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور کمبوڈیا میں اوے میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔