الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور جاپان حکومت کے درمیان پاکستان کے صنعتی علاقوں میں شہریوں کوصاف پانی کی فراہمی کیلئے معاہدہ طے پا گیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور جاپان حکومت کے درمیان پاکستان کے صنعتی علاقوں میں شہریوں کوصاف پانی کی فراہمی کیلئے معاہدے کی تقریب وفاقی دارالحکومت میں قائم جاپانی سفارت خانے میں منعقد ہوئی۔ جاپانی سفیرواڈامٹسوہیرواور مرکزی نائب صدروچئیرمین الخدمت واش پروگرام سیداحسان اللہ وقاص نے معاہدے پر دستخط کئے۔
معاہدے کے مطابق فیصل آباد اور اوکاڑہ میں 7 واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کیلئے جاپان حکومت،الخدمت فاؤنڈیشن کو19.5ملین روپے فراہم کرے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاپانی سفیر واڈا مٹسو ہیرو نے کہا کہ پاکستانی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے جاپانی حکومت ، پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں فلاحی منصوبے جاری رکھے گی ، ہمیں امید ہے مقامی کمیونٹی کے اشتراک سے یہ ترقیاتی منصوبے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد دیں گے ۔
نائب صدر الخدمت سید احسان اللہ وقاص نے جاپانی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی علاقوں کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبے کو جلد مکمل کریں گے، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں سات واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے جن سے یہاں کے ہزاروں خاندانوں کو فلٹر شدہ پانی کی فراہمی کا آغاز ہو جائے گا۔