امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کے میزبان، مصنف اور سابق فوجی پیٹ ہیگستھ کو وزیر دفاع نامزد کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان اور عراق میں بطور فوجی خدمات انجام دینے والے 44 سالہ ہیگستھ اپنے پہلے سیاسی کردار میں امریکی وزیر دفاع کے فرائض سرانجام دیں گے۔
ہیگستھ کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں اپنے سلوگن ’ امریکا فرسٹ ‘ پر یقین رکھنے والا سچا اور ذہین انسان قرار دیا۔
گزشتہ ہفتے کے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ٹرمپ اپنی انتظامیہ کی تشکیل میں مصروف ہیں اور ہیگستھ کی نامزدگی سیکیورٹی تقرریوں میں سے ایک ہے جن میں سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے سربراہ کے لیے جان ریٹکلف کا انتخاب بھی شامل ہے۔
پیٹ ہیگستھ کون ہیں ؟
44 سالہ پیٹ ہیگستھ مینیسوٹا کے شہر مینیپولس میں پیدا ہوئے اور انہوں نے حالیہ برسوں میں ایک قدامت پسند مبصر کے طور پر کام کیا۔
انہوں نے فاکس نیوز پر مختلف پروگرامز کی میزبانی کی جہاں منگل کو ان کو آخری دن تھا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیگستھ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی صدارت کے دوران جنگی جرائم کے الزامات کا سامنا کرنے والے فوجیوں کی معافی کے لیے کامیابی سے لابنگ بھی کی۔