وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا گیا ہے۔
مزار اقبال پر حاضری کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نفرت اور انتشار پیدا کر کے بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگ کہتے ہیں فلاں نہیں تو پاکستان نہیں، یہ اپنے لیڈر کی رہائی میں لگے ہوئے ہیں اوراین آر اومانگ رہے ہیں، سیاسی لیڈر یا جماعت پاکستان سے بڑی نہیں ، سب کیساتھ فراغ دلی کا مظاہرہ کیا۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ کے پی میں انہوں نے سب کچھ تباہ کر دیا، وہاں پرمہنگائی عروج پر ہے، وہاں کام کرنے سے کس نے رکا ہے ، یہ کنٹینرز پر چڑھ جاتے ہیں، کے پی حکومت سے تعاون کرنے کو تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آئی ایم ایف کو خط لکھا اور یادگار شہداء پر حملہ کیا، پراپرٹی ٹائیکان کا بند لفافہ کابینہ سے منظور کروایا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹر حامد خان نے ایک دن بھی 26 ویں ترمیم کی مخالفت نہیں کی، اگر حامد خان بولے 26 ویں آئینی ترمیم درست ہے تو ان کو ووٹ کیسے ملے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے بھی 26 ویں ترمیم کی حمایت تھی لیکن یہ جب مسودہ لے کر گئے تو جیل میں بیٹھا شخص ان پر گرجا برسا، تحریک انصاف میں انتشار ہے۔