تربت میں ایک اہم قبائلی جرگہ منعقد ہوا، جس میں گورنر بلوچستان، وزیر اعلیٰ، کور کمانڈر کوئٹہ، آئی جی ایف سی بلوچستان (جنوب) کے علاوہ صوبائی وزراء، قبائلی عمائدین، خواتین اور طلباء نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز شرکاء کی جانب سے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھانے اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کے ساتھ ہوا۔ جرگے میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے تعلیمی ترقی کے عزم کو ظاہر کرتے ہوئے اسکالرشپ پروگراموں کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر دہشت گردانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے بے گناہ افراد کے خاندانوں کی معاونت کا اعلان کیا گیا ۔ قبائلی عمائدین نے بلوچستان میں امن کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔
قبائلی عمائدین نے علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ قبائلی عمائدین نے حکومت بلوچستان اور افواج پاکستان کی جانب سے علاقے کی ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا۔