اس عظیم الشان فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں، فنونِ لطیفہ، موسیقی، ثقافت، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ علامہ اقبال کے شاہین کی طرح بلند پرواز نوجوان نسل؛یہی ہے وہ عزم جو لاہور یوتھ فیسٹیول 2024 کے پس پردہ کار فرما ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیسٹیول کے آخری مقابلے 8 سے 10 نومبر کو فورٹریس سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوں گے ، فیسٹیول کے آغاز پر لاہور کی 28 بڑی یونیورسٹیوں، کالجوں اور اسکولوں میں فیسٹیول کا لوگو ٹور کروایا گیا۔8 سے 17 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس ٹور کا مقصد نوجوانوں میں فیسٹیول کے بارے میں طلبہ کو آگاہ کرنا تھا ۔یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں 17 اکتوبر کو اردو اور انگریزی تقریری مقابلے کا اہتمام کیا گیا۔
21 اکتوبر کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں "بیادِ فیض" کے عنوان سے بین الجامعاتی مشاعرہ ہوا جس میں فیض احمد فیض کی یاد میں نوجوان شعراء نے خوبصورت کلام پیش کیے۔22 سے 24 اکتوبر کو بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی میں ہونے والے فٹسال ٹورنامنٹ اور 23 سے 30 اکتوبر تک لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں باسکٹ بال چیمپئن شپ میں طلبہ و طالبات نے خوب دلچسپی لی۔22 اکتوبر کو سپیریئر یونیورسٹی میں "کوڈ ماسٹر" کے عنوان سے کمپیوٹر کوڈنگ کا مقابلہ منعقد کیا گیا۔
24 اکتوبر کو سپیریئر یونیورسٹی میں ہی نعت اور قرات کے مقابلے ہوئے جس میں نوجوانوں نے مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ 26 اکتوبر کو لاہور گیریژن گرینز میں گورنمنٹ کالج میوزک سوسائٹی اور کنیئرڈ کالج کے طلبہ و طالبات کی جانب سے کلام اقبالِ میڈلے کی پُراثر پرفارمنس پیش کی گئی۔ جبکہ 30 اکتوبر کو کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول میں بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ اور انٹرنیشنل اسکول لاہور میں فٹسال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔
ان کے علاوہ 24 سے 30 اکتوبر تک الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ہونے والے ٹیلنٹ فیسٹ، آرٹ کمپیٹیشن، مقررین اور بیٹل آف دی بینڈز کے آڈیشنز میں 40 سے زائد تعلیمی اداروں کے طلباء نے شرکت کی۔ پنجاب اسٹیڈیم میں 25 سے 29 اکتوبر تک کھیلوں کے ٹرائلز بھی منعقد ہوئے۔ جن میں 100 میٹر دوڑ، لمبی چھلانگ، جیولین تھرو، اونچی چھلانگ، ٹرپل جمپ، ڈسکس تھرو، پول والٹ اور رسہ کشی جیسے دلچسپ مقابلے شامل تھے۔لاہور یوتھ فیسٹیول کے مرکزی دن یعنی 8 سے 10 نومبر کو فورٹریس سٹیڈیم، لاہور میں شاندار ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔
نوجوانوں کے لیے مختلف کھیلوں کے مقابلے شامل ہوں گے جیسا کہ 4 کلومیٹر فن ریس، میراتھن، 100 میٹر ریس، ٹینٹ پیگنگ، رسہ کشی، جمناسٹک، جیولین تھرو، ڈسکس تھرو، لانگ جمپ، ٹرپل جمپ، ہائی جمپ، اور سائیکل ریس۔ اس کے علاوہ بڑی تقریبات میں بیٹل آف دی بینڈز، ٹیلنٹ فیسٹ، تھیم سانگ کمپیٹیشن، ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس ایگزیبیشن، آرٹ ایگزیبیشن، کنسرٹ اور شاندار آتشبازی شامل ہیں۔