وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات معمول کی تھی، کوئی خوش ہونے والی بات نہیں ہے۔
خیال رہے کہ بدھ کو وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور اور گورنر فیصل کریم کنڈی کے درمیان گورنر ہاؤس میں وزیر کھیل سید فخر جہاں کی تقریب حلف برداری کے موقع پر ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے بعد پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گورنر سے ملاقات کا کوئی ایجنڈا نہیں تھا، وزیر کے حلف کے لئے گیا تھا جہاں غیر رسمی ملاقات ہوئی۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ یہی اصل بات تھی کہ اس میں خوش ہونے والی کوئی بات نہیں اور یہ معمولی ملاقات تھی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ 9 نومبر کو صوابی جلسے میں قرارداد پیش کریں گے، بانی پی ٹی آئی جب تاریخ کا اعلان کریں گے تو پورا ملک نکلے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ آخری کال ہوگی اور ہم سروں پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔