امریکہ کی 40 سے زائد ریاستوں میں امریکی صدارتی انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے لیکن آپ کو یہ بتاتے چلیں کہ ٹرمپ نے ووٹنگ والے دن کی ابتدائی رات اپنا زیادہ وقت مشیگن میں گزارا جہاں انہوں نے گرینڈ ریپڈز میں ایک جلسے کا اہتمام بھی کیا ۔
تفصیلات کے مطابق ریپبلکن امیدوار ٹرمپ کا منصوبہ ہے کہ وہ ووٹنگ کا دن فلوریڈا میں گزاریں گے، جہاں وہ ذاتی طور پر ووٹ بھی ڈالیں گے، حالانکہ انہوں نے پہلے کہا تھا کہ وہ قبل از وقت ووٹ دیں گے۔ ٹرمپ منگل کی رات پام بیچ میں انتخابی نتائج کے حوالے سے ایک تقریب میں شرکت بھی کریں گے۔
دوسری طرف، ڈیموکریٹس کی صدارتی امیدوار کملا ہیریس واشنگٹن میں ہاورڈ یونیورسٹی میں الیکشن نائٹ پارٹی میں شرکت کریں گی۔ یہ وہ تاریخی سیاہ فام یونیورسٹی ہے جہاں سے انہوں نے 1986 میں اکنامکس اور پولیٹیکل سائنس میں ڈگری حاصل کی تھی اور الفا کپّا الفا سسٹرہوڈ کی رکن تھیں۔
ہاورڈ یونیورسٹی کے علاوہ، ہیریس نے الیکشن ڈے کے لیے کوئی عوامی شیڈول کا اعلان نہیں کیا۔ اتوار کو ہیریس نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنا میل-ان بیلٹ پُر کر لیا ہے اور یہ "کیلیفورنیا کے راستے میں ہے۔"