ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر ٹماٹر ،چکن ، پیاز ، چینی ، دال ماش اور آٹے سمیت روزمرہ استعمال کی12اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور27کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ واربنیادوں پر0.10فیصد اورسالانہ بنیادوں پر14.45فیصدکااضافہ ریکارڈ کیاگیا۔
ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 31اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں روزمرہ استعمال کی12اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور27کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔اس کے برعکس 12اشیاء کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔
ہفتہ رفتہ میں ٹماٹرکی قیمت میں 11.02فیصد،چکن 10.57فیصد،پیاز1.68فیصد،کیلا1.24فیصد، چینی 1.20فیصد، دال ماش 0.98فیصد،گڑ0.69فیصد، اورآٹا کی قیمت میں 0.43فیصد کی کمی ہوئی۔اس کے برعکس انڈوں کی قیمت میں 3.40فیصد،لہسن 2.95فیصد،ایل پی جی 1.92فیصد،سرسوں کاتیل 1.49فیصد، جلانے کی لکڑی 1.09فیصد،ایک کلوبناسپتی گھی 1.08فیصد،ڈھائی کلوبناسپتی گھی 0.50فیصد،آلو0.30فیصد اوردہی کی قیمت میں 0.20فیصد کااضافہ ہوا۔
سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.36فیصدکی کمی ہوئی۔ 17733روپے سے لیکر22888روپے، 22889روپے سے لیکر29517روپے، 29518روپے سے لیکر44175روپے اوراس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.40فیصد(کمی)، 0.18فیصد،0.32فیصد، اور0.07فیصد(کمی) ریکارڈکی گئی۔
صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17بڑے شہروں کی 50مارکیٹوں میں 51ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیادپرکیاجاتاہے۔