ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کو بند نہیں کیا صرف امریکی جنگ سے وابستہ ممالک کے جہازوں پر پابندی ہے دیگر ممالک کو سکیورٹی خدشات کے باوجود سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
جاپانی میڈیا کو انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ تہران جاپانی جہازوں کی آمدورفت میں سہولت دینے کے لیے تیار ہے۔ جوملک تہران سے تعاون کرے گا اس کیلئے محفوظ راستہ یقینی بنائیں گے۔
جنگ بندی کے حوالے سے عباس عراقچی نے کہا کہ کئی ممالک جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کی کوشش کر رہے ہیں۔ سفارتی کوششوں کے باوجود امریکا نے سنجیدگی ظاہر نہیں کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران جنگ بندی نہیں بلکہ جنگ کا مکمل اور مستقل خاتمہ چاہتا ہے۔ ضمانت دی جائے کہ دوبارہ حملہ نہیں ہوگا، نقصانات کا ازالہ بھی کیا جائے۔





















