توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی جبکہ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو وکلاء سے مشاورت کی اجازت دیتے ہوئے آئندہ سماعت تک وکیل مقرر کرنے کا آخری موقع دے دیا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی جس کے دوران بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت لایا گیا تاہم بشریٰ بی بی پیش نہ ہوئیں اور حاضری استثنیٰ کی درخواست بھجوا دی ۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) کے پراسیکیوٹر کی مخالفت کے باوجود عدالت نے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی تاہم بشریٰ بی بی کو ہدایت کی وہ آئندہ سماعت پر لازمی پیش ہوں ۔
بانی پی ٹی آئی نے شکایت کی کہ انہیں تین ہفتے سے اپنے وکلاء سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی، عدالت بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور سلمان صفدر سے مشاورت کی اجازت دے جس کے بعد ہی اپنا وکیل مقرر کروں گا۔
عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ بانی پی ٹی آئی آئندہ سماعت تک اپنا وکیل مقرر کریں ورنہ عدالت خود سرکاری وکیل مقرر کردے گی۔
بعدازاں، عدالت نے سماعت دو نومبر تک ملتوی کردی۔