آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹر میتھیو ویڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑی میتھیو ویڈ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے اور وہ فوری طور پر آسٹریلیا کے ساتھ آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
واضح رہے کہ میتھیو ویڈ نے رواں سال مارچ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
13 سالہ کیریئر میں میتھیو ویڈ نے 36 ٹیسٹ، 97 ون ڈے اور 92 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلوی ٹیم کی نمائندگی کی جبکہ 2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف سیمی فائنل میں انہوں نے 17 گیندوں پر 41 رنز کی ناقابل شکست یادگار اننگ کھیلی تھی۔
ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ویڈ کا کہنا تھا کہ میری ریٹائرمنٹ اور کوچنگ کے بارے میں جارج بیلی اور اینڈریو میکڈونلڈ کے ساتھ گزشتہ چھ ماہ سے مسلسل بات چیت رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چند سالوں سے کوچنگ میرے ریڈار پر ہے اور شکر ہے کہ مجھے کچھ بہترین مواقع ملے ہیں۔