عالمی مارکیٹ کے زیراثر پاکستان میں یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق یکم نومبر سے اگلے 15 روز کے لیے 2 سے 3 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے، جس کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں نرخوں کا معمولی نیچے آنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں گزشتہ 15 دنوں کے درمیان پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اوسط قیمتیں بالترتیب تقریباً 1.5 ڈالر اور 2.5 ڈالر فی بیرل کم ہوئی ہیں، موجودہ ٹیکس ریٹس اور شرح تبادلہ کے حساب سے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں بالترتیب 3 روپے اور 2 روپے 30 پیسے فی لیٹر کی تنزلی ہوسکتی ہے۔
حکام نے بتایا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی اوسط فی بیرل قیمت 77.5 ڈالر کے مقابلے میں 76 ڈالر پر آگئی ہے، اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی بیرل نرخ 86.5 ڈالر سے کم ہو کر 84 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
واضح ہے کہ 15 اکتوبر کو وفاقی حکومت نے (16 تا 31 اکتوبر کے لیے) ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 5 روپے اضافہ کردیا تھا جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس سے قبل 30 ستمبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے پیٹرول 2 روپے اور ڈیزل 3روپے 40 پیسے سستا کردیا تھا۔
حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً 76 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، دونوں مصنوعات پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی اور 16 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی وصول کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ تقریباً 17 روپے فی لیٹر ڈسٹری بیوشن اور سیل مارجن آئل کمپنیوں اور ان کے ڈیلرز کو جا رہے ہیں۔