اسرائیل کی جانب سے ایران پر جوابی حملے میں تہران کے تیل اور جوہری انفراسٹرکچر کو نشانہ نہ بنانے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوگئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں 5 فیصد تک کمی آگئی ہے۔ برطانوی خام تیل 73 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 68 ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عالمی گیس کی قیمتوں میں بھی ساڑھے 3 فیصد کمی ہوئی ہے۔ گیس 2 ڈالر 47 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو میں فروخت ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے برینٹ اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ فیوچرز میں 4 فیصد اضافہ ہوا کیونکہ مارکیٹس کو یکم اکتوبر کے ایرانی میزائل حملے پر اسرائیل کے ردعمل کی حد اور اگلے ماہ کے امریکی انتخابات کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ کے زیراثر پاکستان میں یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ یکم نومبر سے اگلے 15 روز کے لیے 2 سے 3 روپے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔