کراچی پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین کے پی ایل معیز بن زاہد، ایم ڈی حرا معیز، جنرل سیکرٹری فواد منیر اور ڈائریکٹر ٹورنامنٹ حسن رضا، صدر یونس خان ، نثار کھوڑو ، علی زیدی ، عارف حبیب و دیگر شخصیات نے شرکت کی ، تقریب میں ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پریمیئر لیگ یکم نومبر سے 16 نومبر تک کھیلی جائے گی جس میں 8 ٹیموں کے درمیان 31 میچز ہوں گے ، کراچی کے عوام اس زبردست موقع پر پرجوش دکھائی دے رہے ہیں ۔
صدر کراچی پریمیئر لیگ یونس خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں انڈر14، 16 اور انڈر19 کراچی سے کھیلاہوں،کراچی سےفرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنےکاموقع نہیں ملا،فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتا تھا تو کراچی کی ٹیم میں جگہ بنانامشکل تھا،جب بھی موقع ملے کراچی کے لئے کچھ کریں،جب بھی کراچی اور کرکٹ کو ضرورت پڑی میں حاضرہوں،امید ہے کراچی پریمیر لیگ سے اچھا ٹیلنٹ نکلے گا،کراچی پریمیئرلیگ گراس روٹ کرکٹ کے لئے اچھا قدم ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی،جب جیت ہوتی ہے تو سب کچھ اچھا لگتا ہے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی میجر جنرل اطہر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں کرکٹ میں ہماری شکست ہمارے پوٹنشل کے بر خلاف تھی، ہماری تاریخ بڑے بڑے کرکٹر سے بھری پڑی ہے ، آج ہم انگلینڈ سے میچ اور سیرز بھی جیتے ہیں، محسن نقوی کو کریڈٹ جاتا ہے انہوں نے مشکل فیصلے کئے ، کراچی پریمیر لیگ کا انعقاد خوش آئند ہے ، امید ہے کراچی سے ملک کو بہت زیادہ ٹیلنٹ ملے گا۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز ہونے چاہئیں ، اس سے بہت سے کھلاڑی ملیں گے ، سندھ کی زمین بہت زر خیز ہے ، میرے شہر لاڑکانہ سے شاہنواز دھانی بھی نکلا ۔
علی زیدی نے کہا کہ کے پی ایل کا انعقاد ضروری تھا ، کراچی تو بہت سے ملکوں سے بڑا شہر ہے ، آج ہماری کرکٹ ٹیم جیتی اس پر سب کو مبارکباد دیتے ہیں۔ بابر،شاہین اور نسیم کو پیغام ہے آپ نے گھبرانا نہیں ہے پھر موقع ملے گا۔