پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپن باؤلر ساجد خان نے کہا ہے کہ ریکارڈ پر فوکس نہیں ہے میچ جیتنا ضروری ہے، سپنر کیلیے وکٹ بنانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کا مشکور ہوں ، پچ بنانے کا کریڈٹ سلیکشن کمیٹی کو جاتا ہے۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سپنر ساجد خان کا کہنا تھا کہ گیند اسپن ضرور ہوا لیکن انگلینڈ کے بیٹرز نے غلط شاٹس بھی کھیلیں، یہ پچ ملتان سے مختلف ہے ،زاہد محمود سے معذرت کرتا ہوں، کوشش کی لیکن کیچ نہیں کر پایا۔
ساجد خان کا کہنا تھا کہ اگر شان مسعود اور سعود شکیل وکٹ پر کھڑے رہے تو بڑا سکور ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلا اوور کروانے کا پلان مجھے مینجمنٹ نے پہلے ہی دے رکھا تھا ، نعمان علی نے دوسرا اوور تب کروایا جب میرے اوور میں کافی گیند نے اسپن کیا، نعمان علی تجربہ کار ہیں، ان کے ساتھ باؤلنگ کروا کر سیکھنے کو ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کی تھی کہ سمتھ کی وکٹ ملے ، سمتھ کو جلدی آؤٹ کرتے تو اتنا ٹوٹل نہ ہوتا ، صرف سمتھ کا مائنڈ تبدیل کر رہے تھے اس لیے اینڈ تبدیل کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملتان میں بھی تماشائیوں نے سپورٹ کیا یہاں بھی سپورٹ کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے پہلی اننگ میں 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔