قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل کا کہنا ہے کہ جیت کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل کا کہنا تھا کہ دوسرے ٹیسٹ میں جیت کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے اور تیسرے ٹیسٹ میں بھی اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
لازمی پڑھیں۔ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا
نائب کپتان کا کہنا تھا کہ دونوں سپنرز نعمان علی اور ساجد خان نے کم بیک میچ میں اچھی بولنگ کی۔
سعود شکیل کا کہنا تھا کہ ملتان اور راولپنڈی کے موسم میں کافی فرق ہے، پنڈی کی پچ ہمیشہ سے فاسٹ باؤلر کو سپورٹ کرتی ہے، موسم کی وجہ سے پچ میں فرق ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فاسٹ باؤلر میر حمزہ مکمل فٹ نہیں ہیں اور انہوں نے دو دن سے پریکٹس نہیں کی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ میر حمزہ کے مکمل فٹ نہ ہونے کے باعث راولپنڈی ٹیسٹ کےلیے ٹیم میں شمولیت کے امکان کم ہے۔
میر حمزہ کی کمر کے نچلے حصے میں سوزش کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے بعد میڈیکل پینل کی جانب سے ان کے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں اور حتمی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 24 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔