پنجاب حکومت نے اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی میں مزید توسیع کردی۔
اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے باعث کیا گیا ہے، ملاقاتوں پرپابندی تاحکم ثانی رہے گی۔ پابندی کا اطلاق سیاسی قیدیوں سمیت عام قیدیوں پر بھی ہوگا۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے4 سے 18 اکتوبر تک اڈیالہ جیل میں ہر قسم کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی، 18 اکتوبر کو جیل ملاقاتوں پر پابندی میں دو روز کی توسیع کی گئی تھی۔
دوسری جانب بشری بی بی کی بیٹیوں نے والدہ سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لئے عدالت سے رجوع کرلیا۔ اسیپشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ ارجمند نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے کل جواب طلب کرلیا۔
بشریٰ بی بی کی بیٹیوں نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ والدہ کے ساتھ تین ہفتوں سے ملاقات نہیں ہوئی۔ اہلخانہ کا حق ہے کہ وہ ہر ہفتے قیدی سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ بشریٰ بی بی کی بیٹیوں کی درخواست کے مطابق حکام کا ملاقاتوں پر پابندی لگانا بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔
اسیپشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ ارجمند نے بشری بی بی کی بیٹیوں کی درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی سے کل جواب طلب کرلیا۔