قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر فخر زمان کا کہنا ہے کہ سمجھتا ہوں بابر اعظم کو مشکل وقت میں چانس دینا چاہیے تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر فخر زمان نے سابق کپتان بابر اعظم کے حق میں بیان دینے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے بھیجے گئے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا ہے۔
پی سی بی کو جمع کرائے گئے جواب میں فخر زمان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم میرے دوست اور ساتھی کھلاڑی ہیں، پی سی بی کے ماتحت ہوں اور فیصلوں کو قبول کرنا فرض ہے۔
فخر زمان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی حمایت کا مقصد پی سی بی یا کسی دوسرے فرد کو طعنہ دینا نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں ہوں، تنخواہ لیتا ہوں، بابراعظم کی کرکٹ پر بات کی، میں سمجھتا ہوں بابراعظم کو مشکل وقت میں چانس دینا چاہیے تھا
ان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر لکھنے کا مقصد پی سی بی سے ناراضگی مول لینا نہیں بلکہ اظہار خیال تھا، پی سی بی ہمارا ادارہ ہے ہم اس کی عزت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ بابر اعظم کو انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے آخری دو میچز سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ ہوا تھا جس پر فخرزمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ردعمل جاری کیا گیا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے فخر زمان کے ردعمل پر انہیں شوکاز نوٹس بھیج دیا گیا تھا۔