وفاقی حکومت 26 ویں آئینی ترمیم کیلئے اتحادیوں اور اپوزیشن کے ساتھ مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے اور دعویٰ کیا جارہاہے کہ مسودے پر اتفاق کر لیا گیاہے تاہم آج سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس چوتھی مرتبہ ملتوی کرتے ہوئے رات 8 اور ساڑھے 9 بجے طلب کیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس کے وقت کی چوتھی بار تبدیل کرتے ہوئے رات ساڑھے 9 بجے طلب کیا گیاہے ، اس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس دوپہر تین بجے طلب کیا گیا لیکن شروع نہ ہو سکا جس کے بعد اجلاس ملتوی کرتے ہوئے شام 7 بجے طلب کیا گیا لیکن اب سات بجنے سے قبل ہی اجلاس کا وقت آگے بڑھاتے ہوئے ساڑھے نوبجے طلب کیا گیاہے ۔
دوسری جانب سینیٹ کا اجلاس بھی چوتھی مرتبہ ملتوی کرتے ہوئے رات 8 بجے طلب کیا گیاہے ، آج صبح بھی تین مرتبہ سینیٹ کا اجلاس طلب کرنے کا وقت جاری کیا گیا لیکن ممکنہ طور پر آئینی ترمیم پر مشاورت مکمل نہ ہو سکی جس کے باعث اجلاس مسلسل ملتوی کیا جاتا رہا ۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی صبح سے تین مرتبہ ملتوی کیا جا چکا ہے ، آئینی مسودے پر اتفاق رائے کیلئے بنائی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے گزشتہ شام خورشید شاہ کی زیر صدارت اجلاس کے دوران آئینی ترمیم کے مسودے کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا تھا جس کے بعد آئینی مسودہ کابینہ کو منظوری کیلئے بھیجا گیا ۔