سیاست دانوں کے علاوہ فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی اپنے تحفظ کے لیے اپنے ساتھ سیکیورٹی گارڈ لازمی رکھتے ہیں۔
بالی ووڈ انڈسٹری پر نظر ڈالیں تو سلمان خان اور شاہ رخ خان سمیت اکثر اداکار ایئرپورٹ، پارٹی، شادی کی تقریبات، یہاں تک کہ فلموں کی پروموشن کے موقع پر بھی سیکیورٹی گارڈز کا حصار میں نظر آتے ہیں۔
ایشوریا رائے کا باڈی گارڈ کون؟
معروف بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن فلم انڈسٹری کی مقبول ترین شخصیات میں سے ایک ہیں، جو اپنی دلکشی اور خوبصورتی کے لیے دنیا بھر میں جانی جاتی ہیں، ان کے باڈی گارڈ کا نام شیوراج ہے جو ہمہ وقت ان کی حفاظت پر مامور رہتے ہیں ،ایک اندازے کے مطابق وہ اداکارہ سے سالانہ ایک کروڑ سے زائد تنخواہ وصول کرتے ہیں ۔
ایشوریا رائے کو لاکھوں لوگ دیکھنے کے لیے بے چین رہتے ہیں، وہ جہاں بھی جاتی ہیں وہاں ان کے مداح بھی ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جوق در جوق امڈ آتے ہیں۔شیوراج طویل عرصے سے بچن خاندان کے لیے کام کر رہے ہیں اور بچن خاندان کی بہو ایشوریا رائے بچن کی حفاظت پر مامور ہیں۔
سال 2015 میں ایشوریا رائے نے اپنے باڈی گارڈ شیوراج کی شادی میں شرکت کرکے سب کو حیران کردیا تھا، ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں۔اپنی بےانتہا مقبولیت کے باوجود ایشوریا رائے نے اپنے باڈی گارڈ کی شادی میں شرکت کرکے سب کا دل جیت لیا تھا اور رسومات مکمل ہونے تک تقریب میں موجود رہیں۔
ایشوریا رائے کے گھر سے باہر قدم رکھتے ہی شیوراج کی ڈیوٹی شروع ہوجاتی ہے، اگر شیوراج، ایشوریا رائے کے آس پاس موجود ہوں تو کسی کو انہیں چھونے کی اجازت بھی نہیں ہوتی۔بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق بچن خاندان کی اکلوتی بہو کی حفاظت پر مامور شیوراج تکنیکی مہارت بھی رکھتے ہیں۔
ظاہر ہے کہ باڈی گارڈز بن کر فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کسی مقبول شخصیت کی حفاظت کرنے کا معاوضہ بھی غیرمعمولی ہوتا ہے۔اور پھر ایسے غیرمعمولی طور پر مقبول اداکاروں کے باڈی گارڈز کا شمار بھی غیرمعمولی معاوضہ لینے والے باڈی گارڈز میں کیا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شیوراج کی سالانہ تنخواہ ایک کروڑ بھارتی روپے ہے، یہ تنخواہ کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے افسران کی تنخواہوں سے بھی کہیں زیادہ ہے۔اس بھاری بھرکم تنخواہ کے باعث شیوراج کا شمار بالی ووڈ انڈسٹری کے مہنگے ترین باڈی گارڈز میں کیا جاتا ہے۔