26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر مشاورت دلچسپ صورتحال اختیار کر گئی ہے جس کے پیش نظر مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ سرگرمیوں کا مرکز بن چکی ہے ، 5 جماعتوں کے سربراہان اس وقت سربراہ جے یو آئی ایف کی رہائشگاہ پر موجود ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر ، سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا، سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ ناصر عباس ، بی این پی مینگل کے قائم مقام صدر ساجد ترہن بھی مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر موجود ہیں جہاں ان کی آئینی مسودے سے متعلق بات چیت جاری ہے ۔
ان کے علاوہ نوید قمر اور مرتضی وہاب بھی سربراہ جے یو آئی ایف کی رہائشگاہ پر موجود ہیں ۔
اس موقع پر ترجمان جے یو آئی ایف اسلم غوری نے سماء نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جےیوآئی کے مسودے پرتمام جماعتوں کا اتفاق ہوگیا،مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اپنا مسودہ واپس لے لیا ہے، تحریک انصاف بھی جے یو آئی کے مسودے سے متفق ہے، آئینی ڈویژن کی تشکیل ،اُس کے ججز کی تقرری پر اتفاق ہوگیا ہے، ارکان کو ہراساں کرنےکا معاملہ حل ہوگیا توآئینی ترمیم میں پیشرفت کا امکان ہے،کچھ نکات ایسے ہیں، جن پر ابھی بات ہوجائے گی۔