نائیجیریا میں آئل ٹینکر میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 104 افراد ہلاک ہو گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی نائیجیریا میں ایک آئل ٹینکر میں دھماکا ہوا جس کے بعد وہاں لیک ہونے والا تیل اکھٹا کرنے کے لئے جمع ہونے والے افراد میں سے کم از کم 104 ہلاک ہو گئے اور 100 کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق انہوں نے لوگوں کو گاڑی میں پٹرول لینے کے لیے جانے سے روکنے کی پوری کوشش کی لیکن علاقے کو گھیرے میں لینے کے باوجود لوگ وہاں پہنچ گئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ شمالی ریاست جیگاوا کے ماجیا قصبے میں پیش آیا۔
آئل ٹینکر کانو سے آ رہا تھا اور یوبی ریاست کے نگورو کی طرف جا رہا تھا۔
ٹینکر کا ڈرائیور حادثے میں محفوظ رہا جسے حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
نائیجیریا میں آئل ٹینکر دھماکے اور ایسے حادثات عام ہیں ، اکثر سڑکوں کی خراب حالت اور خراب گاڑیوں کی وجہ سے ہوتے ہیں۔