بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹیم کے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھوروسنگھے کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر معطل کردیا۔
معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بی سی بی نے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھوروسنگھے کو نظم و ضبط کی بنیاد پر 48 گھنٹوں کے لیے معطل کردیا اور اس کے بعد فوری طور پر برطرف کردیا گیا۔
بی سی بی کی جانب سے ہتھوروسنگھے کو مذکورہ وقت کے بعد شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ فل سمنز ان کی جگہ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور چمپیئنز ٹرافی 2025 تک بطور عبوری کوچ خدمات انجام دیں گے۔
بی سی بی کے صدر فاروق احمد نے بتایا کہ ہتھوروسنگھے کو دو مرتبہ قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، پہلا الزام ایک کھلاڑی کے ساتھ بدتمیزی ہے اور دوسرا الزام یہ ہے کہ وہ بہت زیادہ چھٹیاں کرتے ہیں یہاں تک کہ معاہدے میں طے شدہ چھٹیوں سے بھی زیادہ چھٹیاں لیتے ہیں۔
خیال رہے کہ ہتھورو سنگھے نے گزشتہ برس فروری میں دوسری مرتبہ بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، فاروق احمد نے اگست میں بطور صدر تعیناتی کے بعد کہا تھا کہ ہتھوروسنگھے کو ہیڈ کوچ کے طور پر مزید توسیع نہیں دینی چاہیے۔
ہتھورو سنگھے کی کوچنگ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے گزشتہ ماہ پاکستان کے دورے پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا جبکہ بھارت کے خلاف بنگلہ دیش کی ٹیم دو ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز میں ایک میچ بھی جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی تھی۔